حیدرآباد کیلئے تاریخی لمحہ: لیونل میسی اور وزیراعلیٰ ریونت ریڈی فٹبال میدان میں آمنے سامنے ہوں گے

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد ایک تاریخی اور قابلِ فخر لمحے کا گواہ بننے جا رہا ہے، جہاں دنیا کے عظیم ترین فٹبال اسٹار لیونل میسی اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریوَنت ریڈی ایک ہی میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ منفرد اور تاریخی فٹبال میچ 13 دسمبر کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم (اپّل) میں منعقد ہوگا، جس کا شائقین، کھیلوں کے حلقوں اور ریاست کے عوام بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

یہ میچ ‘تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ’ کی اختتامی تقریبات کا حصہ ہوگا، جہاں وزیراعلیٰ ریوَنت ریڈی ’RR9‘ کی نمائندگی کرتے ہوئے 9 نمبر کی جرسی پہنیں گے، جبکہ لیونل میسی اپنی مشہور ’LM10‘ جرسی میں میدان میں اتریں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی وزیراعلیٰ براہِ راست ایک عالمی سپر اسٹار کے ساتھ دوستانہ میچ میں حصہ لے رہا ہے، جس سے اس تقریب کی تاریخی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

میسی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں حیدرآباد کو اپنی انڈیا ٹور میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کے پیار کا شکریہ! GOAT ٹور چند ہفتوں میں شروع ہو رہا ہے… حیدرآباد بھی میری منزلوں میں شامل ہوگیا ہے۔ جلد ملتے ہیں!”

وزیراعلیٰ ریوَنت ریڈی نے میسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ “یہ حیدرآباد کے لیے نہایت فخر کا لمحہ ہے۔ ہماری سرزمین پر دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی کا استقبال کرنا ایک تاریخی اعزاز ہے۔”

ذرائع کے مطابق شہر کو میسی کے شاندار استقبال کے لیے خصوصی طور پر سجایا جائے گا اور ان “شاہانہ استقبال” کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ ریوَنت ریڈی بھی روزانہ رات گئے تک ٹریننگ کر رہے ہیں تاکہ میچ میں متاثر کن کارکردگی دکھا سکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ سینٹر فارورڈ کے طور پر اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

میسی 10 نمبر کی اپنی علامتی جرسی پہنیں گے، جس پر ارجنٹینا کی تین ورلڈ کپ فتوحات کی علامت تین سنہری ستارے ہوں گے۔ حیدرآباد میں اس میچ کو نہ صرف تاریخی بلکہ ریاست کے لیے عالمی سطح پر ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں شہر کی شناخت اور مقبولیت کو مزید بلند کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں