وسیم اکرم نے شیطان کو کلین بولڈ کردیا! حج کے دوران پاکستانی بولر کی ’بولنگ اسٹائل‘ رمی جمرات کی ویڈیو وائرل (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ بولر اور ’’سلطان آف سوئنگ‘‘ کے نام سے مشہور وسیم اکرم ان دنوں فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ حج کے دوران ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ جمرات کے مقام پر شیطان کو کنکریاں اپنی مخصوص بولنگ کے انداز میں مارتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وسیم اکرم رمی جمرات کے دوران بالکل اسی انداز میں کنکریاں پھینکتے ہیں جس انداز میں وہ کرکٹ میدان میں گیند بازی کرتے تھے۔ ویڈیو کے ایک حصے میں وہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی کے اظہار جیسا انداز بھی اپناتے نظر آتے ہیں۔

یہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض افراد نے اسے خوش مزاجی اور کرکٹ سے وابستگی کا اظہار قرار دیتے ہوئے دلچسپ انداز میں سراہا، جبکہ کئی صارفین نے اسے حج جیسے مقدس فریضے کے دوران غیر مناسب طرزِ عمل قرار دیا۔

کچھ صارفین نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شیطان ریویو لینا چاہتا ہے‘‘ جبکہ دیگر افراد کا کہنا تھا کہ عبادت کے دوران سنجیدگی اور روحانیت کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں