حیدرآباد (دکن فائلز) لائیو لا، دی نیو انڈین ایکسپریس و دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ کا 21 اگست 2026 کا وہ فیصلہ، جس میں قرار دیا گیا تھا کہ اسلام میں اسکارف یا حجاب پہننا ’لازمی مذہبی عمل نہیں ہے، اسے بطور نظیر تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
جسٹس اروند کمار اور جسٹس وپول پنچولی پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے 20 نومبر 2026 کو ’مسلم ویمنز اسٹڈی سرکل‘ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیا اور اس عرضی کو کرناٹک حجاب معاملے سے متعلق پہلے سے زیرِ التوا اپیلوں (سول اپیل نمبر 7095/2022) کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے اپنے حکم میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ’’اسے سول اپیل نمبر 7095/2022 کے ساتھ منسلک کیا جائے اور اس فیصلے کو بطور نظیر نہ مانا جائے۔‘‘
یہ معاملہ پریاگ راج کے اترسوئیا علاقے میں واقع ٹیگور پبلک اسکول کی طالبہ سکینہ رضوی کی درخواست سے جڑا ہے، جنہیں اسکول یونیفارم کے ساتھ اسکارف پہننے پر اصرار کرنے کی وجہ سے گیارہویں جماعت میں داخلہ دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ 21 اگست 2026 کو الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس جے جے منیر اور جسٹس اندرجیت شکلا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے طالبہ کی عرضی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم خواتین کا حجاب پہننا اسلام کا لازمی مذہبی حصہ نہیں ہے۔
ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ریکارڈ پر ایسا کوئی مواد پیش نہیں کیا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ اسکارف نہ پہننے والی مسلم خاتون یا لڑکی کو دائرۂ اسلام سے خارج سمجھا جائے گا۔ عدالت نے مزید کہا تھا کہ اگر اسکول کا ڈریس کوڈ یکساں، نیک نیتی پر مبنی، غیر امتیازی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ہو، تو کوئی طالب علم یونیفارم میں کسی اضافی لباس کو شامل کرنے پر اصرار نہیں کر سکتا۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں 2022 کے کرناٹک ہائی کورٹ کے فل بنچ کے فیصلے کا سہارا لیا تھا۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں ’مسلم ویمنز اسٹڈی سرکل‘ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو من مانا اور امتیازی قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ آئینِ ہند کے آرٹیکل 14 (قانون کے سامنے برابری)، آرٹیکل 15 (امتیازی سلوک سے تحفظ)، آرٹیکل 19(1)(اے) (اظہارِ رائے کی آزادی)، آرٹیکل 21 (زندگی اور ذاتی آزادی کا تحفظ) اور آرٹیکل 25 (مذہبی آزادی) کی صریح خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار تنظیم کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے اس حکم سے مسلم خواتین کی مذہبی آزادی اور تعلیم تک ان کی رسائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ سکھ برادری کی پگڑی سمیت دیگر مذاہب کی مذہبی علامتوں کے ساتھ مختلف برتاؤ کیا جاتا ہے۔
عرضی میں مزید استدلال کیا گیا ہے کہ حجاب کا حکم قرآنِ مجید میں واضح طور پر موجود ہے، جس کے لیے سورہ النور (آیت 31) اور سورہ الاحزاب (آیت 59) کا حوالہ دیا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق ان آیات میں مومن خواتین کو پردہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور محض اس بنیاد پر کہ مسلم معاشرے کے کچھ افراد اس پر عمل نہیں کرتے، اسے مذہب کا غیر لازمی حصہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں— ’شرور مٹھ کیس‘ اور ’بجوئے ایمانوئل کیس‘— کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ نے ایمانداری سے اپنائے گئے مذہبی عقائد کو حاصل آئینی تحفظ کو نظر انداز کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایودھیا کیس (ایم صدیق بنام مہنت سریش داس) میں سپریم کورٹ کے مشاہدات کا حوالہ بھی دیا گیا، جس کے مطابق آئینی عدالتوں کو مذہبی تشریحات کے درمیان انتخاب کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور عبادت گزار کے عقیدے و ایمان کو تسلیم کرنا چاہیے۔ عرضی میں اس نکتے پر بھی سوال اٹھایا گیا کہ ہائی کورٹ نے ’لازمی مذہبی عمل‘ کے اصول کا سہارا ایسے وقت میں لیا ہے جب خود اس اصول کی آئینی حیثیت سبری مالا ریفرنس کارروائی کے تحت سپریم کورٹ کے نو ججوں کے آئینی بنچ کے روبرو زیرِ غور ہے۔
واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی برقرار رکھنے کے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر اکتوبر 2022 میں سپریم کورٹ نے منقسم فیصلہ سنایا تھا؛ جسٹس ہیمنت گپتا نے اپیلیں مسترد کر دی تھیں جبکہ جسٹس سدھانشو دھولیا نے انہیں منظور کیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ ایک بڑے بنچ کے سپرد کر دیا گیا تھا جو تاحال زیرِ التوا ہے۔ سپریم کورٹ میں درخواست گزار تنظیم کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد نظام الدین پاشا، رشمی سنگھ، پریانشا شرما (اے او آر)، سبھان شنکر گوگوئی، عارف علی اور اوستیکا داس پیش ہوئے۔


