ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کا عمل جاری

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے طول و عرض میں چھوٹے بڑے شہر اور قصبے میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کی جارہی ہے۔ ملک بھر میں نماز عید کے بعد قوم و ملت کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اِس موقع پر سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
وہیں لکھنو کی مشہور ٹیلے والی مسجد میں عید کی نماز صبح نو بجے ادا کی جائے گی، جبکہ عیش باغ مسجد میں عید کی نماز صبح دس بجے ادا کی جائے گی۔ جانوروں کی قربانی نماز کے بعد کی جائے گی۔
تلنگانہ کے حیدرآباد میں بھی عید کی نماز بڑے پیمانہ پر ادا کی گئی۔ یہاں میرعالم عیدگاہ، عیدگاہ بلالی، مادناپیٹ عیدگاہ کے علاوہ مکہ مسجد و دیگر مساجد و عیدگاہوں میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ پولیس حساس مقامات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان مقامات میں کانپور، مرادآباد، رامپور، میرٹھ اور مﺅ شہر شامل ہیں۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سبھی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے ایک ٹوئیٹ میں کہا؛ ’’عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد۔ میں دعا کرتا ہوں کہ یہ دن سبھی کے لیے خوشیاں اور خوشحالی لے کر آئے۔ میری دعا ہے کہ یہ دن ہمارے معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبے کو برقرار رکھے۔ عید مبارک!‘‘

میڈیا کے مطابق ایشیا کے بیشتر ممالک میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ہندوستان کے علاوہ ایران، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا، پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی گئی۔ عید گاہ کے راستے تلبیات کے ورد سے فضا گونجتے رہے۔
ان ممالک میں جگہ جگہ نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں ملت کے اتحاد و خوشحالی کےلئے دعائیں مانگی گئیں۔ بالخصوص قبلہ اول کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔
نماز عید کے بعد نمازی ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارک دی۔ اس کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی دی گئی۔ قربانی کا گوشت رشتہ داروں، غربا اور مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گھروں میں بھی دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں روایتی مقامی کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں