Karnataka Story ہندو سوامی نے مسجد کا افتتاح کیا

مذہبی ہم آہنگی و کثرت میں وحدت ہندوستانی تہذیب کا ایک حصہ ہے۔ وہیں ہم آہنگی ، رواداری ہمارے ملک کی روح اور طاقت ہے۔ کرناٹک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ایک اہم واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہندو پجاری نے مسجد کا افتتاح کیا۔
اطلاعات کے مطابق کرناٹک کے کوپل ضلع میں کوکنور تعلقہ کے بھان پور گاؤں میں مسلمانوں کی جانب سے ایک مسجد تعمیر کی گئی جبکہ مقامی مسلمانوں نے اس مسجد کے افتتاح کے لیے گاوی مٹھ کے ابھینوا گاوی سدھیشورسوامی کو مدعو کیا۔ سوامی جی نے خوشی خوشی اس دعوت کو قبول کرلیا اور مسجد کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی۔
مسجد کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی کے ماحول میں رہنا سب کے لیے لازم ہے۔ سچا مذہب ہمیشہ ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ ابھینوا گاوی سدھیشورسوامی نے کہا کہ جو شخص بلا تفریق لوگوں کی بھلائی کے کام کرتا ہے، اسے مدہب کا سچا ماننے والا سمجھا جائے گا۔
سوامی جی نے کہا کہ مذہب پرست وہ نہیں ہیں جو مسجدوں، گرجا گھروں اور مندروں میں جاتے ہیں بلکہ دوسروں کو نقصان پہنچائے یا دھوکہ دئیے بغیر زندگی گذارنے والا شخص سچا مذہب پرست ہے اور وہ ہمیشہ ہم آہنگی چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ اس گاؤں میں صرف پانچ مسلمان خاندان ہیں اور علاقہ کے دیگر ہندوؤں کے ساتھ وہ مل جل کر رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں