ملک بھر میں یکساں سول کوڈ پر بحث جاری ہے جبکہ مسلمانوں کے علاوہ سکھ برادری و قبائلی طبقات کی جانب سے یو سی سی کی پرزور مخالفت کی جارہی ہے۔
ایسے میں آر ایس ایس کے رہنما اندریش کمار نے ہمیشہ کی طرح پھر ایک بار متنازعہ بیان دیا ہے۔ ان کی جانب سے عجیب و غریب منطق پیش کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’یو سی سی کے نفاذ کے بعد ملک میں کوئی بھی کافر نہیں رہے گا، اور قانون کے نفاذ کے بعد کسی کو کافر نہیں کہا جائے گا‘۔
اندریش کمار نے ایسا ایک بار نہیں بلکہ وقفہ وقفہ سے متنازعہ بیانات دیتے رہتے ہیں، وہ خود کو مسلمانوں کا ہمدرد ظاہر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور ایسا سمجھا جاتا ہے کہ وہ آر ایس ایس نظریہ کے تحت مسلمانوں کی ذہن سازی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں یو سی سی کے نفاذ کے بعد کسی کو اچھوت نہیں کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک، ایک قانون، ایک شہری کے بعد خواتین پر بھی مظالم نہیں ہوں گے۔
اندریش کمار نے علمائے کرام سے کہاکہ کہا کہ ’وہ مسلمانوں کو بھڑکانا بند کریں، مسلمان ان کے بہکانے میں نہیں آئیں گے‘۔ انہوں نے یو سی سی کی بھرپور تائید کا اعلان کیا۔


