مہاراشٹر کے تھانے میں زیر تعمیر پل کے لیے لوہے کا ڈھانچہ لے جانے والی کرین اچانک پل پر گر گئی۔ کرین گرنے کے نتیجے میں 17 مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانے کے سمردھی ایکسپریس وے کی تعمیر کے دوران ایک گریڈر مشین کے گرنے کا حادثے پیش آیا جس میں 17 مزدور ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
یہ مشین، ایک خاص مقصد والی موبائل گینٹی کرین ہے، جس کا استعمال، پُل کی تعمیر کے دوران کیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ شاہ پور تحصیل میں سرلامبے گاﺅں کے قریب پیش آیا۔ حادثہ کے فوری بعد آفات سماوی سے متعلق قومی فورس این ڈی آر ایف کی دو ٹیموں کو جائے حادثہ پر تعینات کیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اِس المناک حادثے پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے حادثے کے مہلوکین کے قریبی رشتہ دار کیلئے دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے پچاس پچاس ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اکناتھ شندے نے بھی اِس افسوسناک حادثے پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت، زخمیوں کے علاج کا خرچ اٹھائے گی۔
پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔


