ہریانہ کے نوح میں دو مساجد پر فائر بم پھینک کر شدت پسند فرار ہوگئے (ویڈیو دیکھیں)

ہریانہ کے نوح میں تین روز سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں جبکہ فرقہ پرست عناصر کی جانب سے اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک تازہ واقعہ میں کچھ شرپسند عناصر نے نوح ضلع کے تورو میں واقع دو مساجد پر فائر بم پھینکے اور موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔

https://twitter.com/meerfaisal01/status/1686905054086004741

پولیس نے بتایا کہ چہارشنبہ کی رات تقریباً 12 بجے یہ واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حملہ کی گئی مساجد میں سے ایک مسجد وجئے چوک کے قریب واقع ہے اور دوسری مسجد پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔ فرقہ پرستوں کے حملہ میں دونوں مساجد کو نقصان پہنچا۔

واقعات کی اطلاع ملنے کے فوری بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے دونوں مساجد میں کاروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

حالات کو دیکھتے ہوئے ہریانہ کے مختلف علاقوں میں سیکوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے تاہم گذشتہ روز فرقہ پرستوں کی جانب سے ماحول کو بگاڑنے کی بھرپور کوشش کی گئی اور کھلے عام مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ پلوال ضلع کے مینار گیٹ بازار میں ایک چوڑیوں کی دکان کو بھی شدت پسندوں نے آگ کے حوالہ کردیا۔

نوح اور پلوال دونوں اضلاع میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں