کیرالہ میں بائیں بازو کی حکومت نے آج اسمبلی میں یکساں سول کوڈ کی مخالفت میں ایک قرار پید کی جسے منظور کرلیا گیا۔ اس قرارداد میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی تجویز کو ختم کردے۔ وہیں وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے ٹویٹ کیا کہ ‘یکساں سول کوڈ پر بحث شروع کرنا سنگھ پریوار کا اپنے اکثریتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور فرقہ وارانہ امتیاز کو گہرا کرنے کے لیے انتخابی چال ہے’۔
اس موقع پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سریش نے کہا کہ کیرالہ میں بی جے پی کے علاوہ تمام پارٹیاں یکساں سول کوڈ کی مخالفت میں ہیں۔ یونیفارم سول کوڈ سے متعلق وجین حکومت کے ذریعہ اٹھائے گئے قدم کی کانگریس قیادت والی یو ڈی ایف نے تعریف کی ہے۔
پینارائی وجین نے اسمبلی میں یکساں سول کوڈ کے خلاف قرارداد پیش کی، جسے اتفاق رائے سے پاس کیا گیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے اقدام پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر جلدبازی میں یکطرفہ فیصلے کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت جب مذہبی آزادی کی ضمانت دی گئی ہےتو ایسے میں اس پر روک لگانے والا کوئی بھی قانون آئینی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا۔


