مودی حکومت کے نہرو میموریل میوزیم کا نام تبدیل کرکے پرائم منسٹر میموریل میوزیم رکھنے کے بعد کانگریسی رہنما سپریہ شرینیت نے کہا کہ ’تاریخ کو بنانے اور لکھنے جانے کی ضرورت ہے اور وزیرا عظم نریندر مودی تاریخ رقم کرنے کے قابل نہیں ہیں‘۔ انہوں نے اس موقع پر مشورہ دیا ہے کہ حکومت پنڈت جواہر لال نہرو سے موصوم چیزوں کا نام تبدیل کرنے کے بجائے سیاست میں ایک حد مقرر کرے۔
انہوں نےمزید کہا کہ جواہر لال نہرو نےجدید ہندوستان بنایا تھا اور اس کی بنیاد ڈالی تھی۔ انہو ں نے اے آئی آئی ایم ایس، آئی آئی ایم ایس،آئی آئی ٹی ایس اور اسرو اور ایسے ادارے قائم کئے تھے جنہوں نے ملک میں آزاد جمہوریت کوزندہ رکھا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو تاریخ میں منفی نقطہ نظر سے یاد کیا جائے گا۔
وہیں آر جے ڈی کے لیڈر منوج جہا نے اس حوالے سے کہا ہے کہ تین مورتھی بھون وزیر اعظموں کی رہائش گاہ نہیں تھی۔ یہ ایک تاریخی جگہ ہے جہاں پنڈت نہرو نے تقسیم سے لے کر اپنی موت تک قیام کیا تھا۔ پنڈت جواہر لال نہرو اس ملک کی مٹی ہیں اس لئے مرکزی حکومت انہیں مٹا نہیں سکتی۔


