شمال مشرقی ریاست میزورم میں آج صبح ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ریلوے کا زیر تعمیر پل گرگیا جس کی وجہ سے 17 مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ ریلوے حکام کو اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ گرے ہوئے ملبے کے نچیے مزید کچھ لوگ دبے ہوسکتے ہیں، وہیں مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایزول سے تقریباً 21 کلومیٹر دور سائرنگ گاؤں کے قریب ایک ریلوے پل زیر تعمیر ہے۔ آج جب تعمیراتی کام معمول کے مطابق جاری تھا۔ صبح تقربیاً دس بجے پل اچانک گرگیا۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 35 سے 40 مزدور کام کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق حادثے میں ہلاک 17 مزدوروں کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور پل کے ملبے تلے پھنسے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ میزورم کے وزیراعلی نے حادثہ پر شدید صدمہ کا اظہار کیا۔


