اترپردیش میں انتہائی غیرانسانی واقعہ، خاتون ٹیچر نے مسلم طالب علم کو ہندو طلباء سے تھپڑ مروائے، وائرل ویڈیو پر کاروائی کرنے سے پولیس کا انکار!

حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش میں ایک انتہائی غیرانسانی واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون ٹیچر کو انتہائی جاہلانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ خاتون ٹیچر نے اپنی کلاس کے ایک مسلم طالب علم کو ساتھی ہندو طلبا سے تھپڑ مارنے کےلئے کہتی اور جب مسلم طالب علم کو ہندو طلبا تھپڑ مارتے ہیں تو ٹیچر طلبا کو زور سے مارنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس واقعہ کا انتہائی غیرانسانی ویڈیو وائرل ہوگیا۔

حد تو تب ہوگئی جب وائرل ویڈیو کے بعد عوام کی جانب سے ٹیچرس کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا گیا لیکن پولیس نے یہ کہتے ہوئے معاملہ کو رفع دفع کردیا کہ محکمہ تعلیم ہی اس معاملہ میں کچھ کرسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے ابھی تک خاتون ٹیچر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

اس واقعہ کو فرقہ پرستی کی انتہا کہا جارہا ہے۔ جس ٹیچر کو انسانیت کی تعلیم دینا چاہئے تھا وہی اب طلبا کو فرقہ پرستی کے جنون میں ڈھکیل کر انہیں غنڈہ گردی اور تشدد کرنے کےلئے اکسایا جارہا ہے۔ اس خاتون ٹیچر نے استاد کے مقام و وقار کو مجروح کیا ہے۔ اسلام میں استاد کا درجہ ماں باپ کے برابر بتایا گیا ہے لیکن افسوس کہ اس طرح مذہب کے جنونی افراد کی وجہ سے ملک کا وقار دنیا میں کم ہورہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں