نوح فسادات میں فرقہ پرستوں کے حملہ میں تباہ جامع مسجد لکڑشاہ کا افتتاح، نماز جمعہ و دعا کا اہتمام

حیدرآباد (دکن فائلز) نوح فسادات میں ہندوتوا فرقہ پرستوں نے جامع مسجد لکڑشاہ نہرو بازار سوہنا پر حملہ کرکے نقصان پہنچایا تھا۔ حملہ میں مسجد کے دروازے، صندوق، پنکھے، موٹر، لائٹنگ، دیوار کی پلاسٹر وغیرہ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ آتشزنی کے ذریعہ میں کو تباہ کیا گیا تھا۔

جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے اس مسجد کی تزئین نو و دیگر کام کئے گئے اور مسجد کی مرمت کا کام مکمل کیا گیا۔ گذشتہ روز جمعہ کے موقع پر مسجد کا افتتاح کیا گیا اور جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔ اس موقع پر قوم و ملت کی حفاظت کےلئے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر اپنے خطبہ میں مسجد کے امام مولانا طاہر حسینی نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی اور جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے میوات میں فسادات کے دوران تباہ ہوئی 10 مساجد کی تعمیر و مرمت کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ گرفتار کئے گئے بے قصور مسلم نوجوان کی قانونی مدد بھی کی جارہی ہے اورضرورت مندوں میں راشن بھی تقسیم کیا جارہا ہے۔

اس مسجد کے افتتاح کے موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی ، آرگنائزر مولانا معظم عارفی ، امن فیلوشپ سے مولانا اظہر، مولانا یامین اور مولانا سعد موجود تھے۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے اپنے خطا ب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اللہ رب العزت کی مرضی سے یہ مسجد آباد ہوگئی ہے۔ ہمیں بہر صورت اس کاشکر ادا کرنا چاہیے اور سبھوں کے ساتھ خیر خواہی کا معاملہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے زیادتی کی ہے وہ بھی ہمارے وطنی بھائی ہیں۔ ان کی ہدایت کے لیے بھی دعاء کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں