حیدرآباد (دکن فائلز) بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے کہاکہ سناتن دھرم کی عظمت کے بارے میں سب کو معلوم ہونا چائے۔ اُنہوں نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد ہندوستانی تہذیب کو مٹی میں ملانے کی بات کررہا ہے جو مناسب نہیں ہے۔ دہلی میں آج صبح منعقدہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے، راہول گاندھی ، نتیش کمار، تیجسوی یادو ، اسٹالن کوئی بھی بیان دینے سے پہلے اپنے الفاظ پر غور کریں۔ سناتھن دھرم پر اپوزیشن اتحاد کے ارکان کی جانب سے تبصروں کی اُنہوں نے مذمت کی۔
مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد کے ارکان اپنی زبان کو قابو میں رکھیں۔ سناتھن دھرم پر ٹاملناڈو کے وزیر اُدئے نیدھی اسٹالن کے تبصروں پر اُنہوں نے برہمی ظاہر کی۔ اُنہوں نے کہاکہ سناتھن دھرم ملک کی تہذیب کا ایک حصہ ہے۔ یہ کئی صدیوں سے جاری ہے اور آگے بھی جاری رہے گا۔
وہیں بی جے پی او بی سی قومی مورچہ کے صدر کے لکشمن نے کہاکہ ملک کے مفادات کو پیش نظررکھتے ہوئے وزیر اعظم مودی فیصلے لے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ بیک وقت انتخابات کیلئے کمیٹی قائم کرنے کے ساتھ ہی اپوزیشن میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں بی جے پی کے دفتر میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لکشمن نے کہاکہ سناتن دھرم کے بارے میں معلومات حاصل کئے بغیر اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد کو خوف لاحق ہوگیا ہے اس کی وجہ سے ایسے تبصرے کئے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ ہندوستانی تہذیب کی توہین کرنے والوں کو عوام ہی سبق سکھائیں گے۔


