کشمیر میں جوانوں کی شہادت کے وقت بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بادشاہ سلامت کےلئے جشن کی محفل سجائی گئی: پون کھیڑا

حیدرآباد (دکن فائلز) جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں دہشت گردوں کے ساتھ انکاونٹر میں فوج کے کرنل، میجر اور کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی کی شہادت کے بعد کانگریس پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی پر بڑا حملہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان پون کھیڑا نے ٹوئٹ کیا کہ آج جس وقت کشمیر میں ہماری فوج کے تین افسران کے شہید ہونے کی مایوس کن خبریں آرہی تھیں، اسی وقت بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں بادشاہ کےلئے جشن کی محفل سجی تھی۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے، وزیراعظم اپنی واہ واہی کو ٹال نہیں سکتے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ کچھ بھی ہوجائے لیکن وزیر اعظم اپنی واہوہی کو ملتوی نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ جی 20 کے کامیاب انعقاد کے پیش نظر بدھ کی شام بی جے پی کے نیشنل ہیڈ کوارٹر میں وزیر اعظم مودی کے استقبالیہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ اس دوران کئی مرکزی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔ وزیر اعظم کے استقبال کے لیے نعرے لگائے گئے اور پارٹی میں جشن کا ماحول تھا، جس پر کانگریس نے سوال اٹھائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں