حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس ورکنگ کمیٹی کے دو روزہ اجلاس آج حیدرآباد میں آغاز ہوگیا۔ حیدرآباد میں کانگریس کے سینئر و قدآور رہنماؤں کا اجلاس کل بھی جاری رہے گا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی و دیگر کانگریس رہنما سی ڈبلیو سی اجلاس میں شریک ہوئے۔ کانگریس رہنماؤں کی حیدرآباد آمد کے موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سی ڈبلیو سی اجلاس تاج کرشنا ہوٹل میں منعقد ہورہا ہے جبکہ کل شام تکا گوڑہ میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں بتایا جارہا ہے کہ سونیا گاندھی تلنگانہ انتخابات کے لیے کانگریس کی جانب سے چھ گارنٹی اسکیموں کا اعلان کریں گی۔
اجلاس میں پانچ ریاستوں میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وہیں تلنگانہ اسمبلی انتخابات پر پارٹی کی جانب سے منصوبہ بندی کی جائے گی اور حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے کی قیادت میں سی ڈبلیو سی کی یہ پہلی میٹنگ ہے۔ انہوں نے صدر بننے کے بعد پارٹی کی تمام کمیٹیاں تحلیل کرکے نئی کمیٹیاں بنائی تھیں اور اس کمیٹی میں جو پارٹی کی سب سے زیادہ طاقتور اور بااختیار کمیٹی ہے، میں کئی اہم لیڈروں کو شامل کیا تھا ۔ کانگریس پارٹی کی نئی ورکنگ کمیٹی میں 39 ارکان، 32 مستقل نمائندے اور 13 خصوصی نمائندے ہیں۔
تاج کرشنا ہوٹل کے احاطہ میں قومی پرچم کہراکر سی ڈبلیو سی اجلاس کا آغاز کیا گیا۔ اس موع پر کھرگے، سونیا، راہول، پرینکا سمیت تمام سی ڈبلیو سی ارکان موجود تھے۔


