حیدرآباد (دکن فائلز) ایمانی جذبہ سے سرشار گوا کے مسلمانوں نے پیغمبر اسلام کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گوا میں ایک ملعون شخص نے سوشل میڈیا پر پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصرے کئے جس کے بعد گوا کے مختلف علاقوں پنجم، مرگاؤ، ماپوسا، بیچولم اور پونڈہ میں مسلمانوں نے بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا اور ملعون کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے مسلمانوں کے غم و غصہ کو دیکھتے ہوئے اس سلسلہ میں ایف آئی آر درج کی اور تحقیقات کا آغاز کیا اور اس معاملہ کی مکمل جانچ کےلئے سائبر سیل کی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔ جنید شیخ نے اس معاملہ میں شکایت درج کرائی۔ اس دوران مارگاؤ پولیس اسٹیشن پر مسلمانوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور جم کر احتجاج کیا اور ملعون شخص کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ شدید بارش کی پرواہ کئے بغیر مسلمانوں نے احتجاج کو جاری رکھا اور گرفتاری تک وہاں سے جانے سے انکار کردیا۔ اسی طرح احتجاج کرٹوریم اور فاتوردہ پولیس اسٹیشنوں میں بھی کئے گئے۔
اس موقع پر ایک مسلم رہنما نے توہین آمیز پوسٹ کے ذمہ دار شخص کی شناخت اور اس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک 27 سالہ شیطان صفت شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اصل ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، لیکن پولیس نے اس کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ملزم بیروزگار ہے، اسے گرفتار کرکے پونڈہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔


