حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش رامپور کی ایک عدالت نے آج سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان، ان کے فرزند عبداللہ اعظم خان اور اہلیہ تزین فاطمہ کو جعلی پیدائشی صداقت نامہ کیس میں قصوروار پایا اور تینوں کو سات، سات سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے تینوں پر 15، 15 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ آج جیسے ہی اس کیس میں کاروائی شروع ہوئی عدالت کی جانب سے تینوں کو سزا سنائی گئی۔ اس موقع پر اعظم خان، عبداللہ اعظم اور تزین فاطمہ عدالت میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ عبداللہ اعظم خان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر پاسپورٹ بنایا اور غیرملکی دورے بھی کئے وہیں دوسرے سرٹیفیکٹ کی بنیاد پر انہوں نے انتخابات میں حصہ لیا اور اسے حکومت سے متعلقہ مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی آکاش سکسینہ نے 2019 میں عبداللہ اعظم کے خلاف اس سلسلہ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔


