حیدرآباد (دکن فائلز) جھارکھنڈ میں ایک خوفناک و دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا جس میں ایک مسلم خاتون کو درندہ صفت ہجوم نے سرعام آگ کے حوالے کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے طابق بوکارو میں پیش آئے اس خوفناک واقعہ میں انیسہ پروین جاں بحق ہوگئیں۔ اطلاعات کے مطابق زمین کے ایک تنازعہ کے بعد ہجوم نے انیسہ پروین کو سرعام کیروسین چھڑک کر آگ کے حوالے کردیا۔ اس دل دہلادینے والے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کے بعد پولیس نے معاملہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
گذشتہ جمعرات کو پیش آئے دردناک واقعہ میں بری طرح جھلسی انیسہ پروین کو بوکارو جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ پولیس کے مطابق اس معاملہ میں 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے معاملہ کو زمینی تنازعہ قرار دیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں ایک خاتون کو آگ کی لپیٹ میں دکھائی دے رہی ہے۔ اس دوران کچھ بے حس لوگ ویڈیو بنانے میں مصروف دیکھے گئے جبکہ کچھ لوگوں نے انیسہ پروین کو بچانے کی کوشش کی۔


