حیدرآباد (دکن فائلز) کرناٹک کے چکابلا پور کے قریب آج صبح کی اولین ساعتوں میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا۔ ایک کار نے سڑک کنارے کھڑی ایک لاری کو ٹکر دے دی، جس کے نتیجہ میں کار میں سوار 12 افراد ہلاک جبکہ دیگر دو شدید زخمی ہوگئے۔
کرناٹک پولیس کے مطابق مہلوکین کا تعلق ریاست آندھرا پردیش سے ہے۔ اس حادثے میں پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، دیگر سات نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار پوری طرح تباہ ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بنگلور-حیدرآباد قومی شاہراہ پر چکابلا پور کے مضافات میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ہسپتال میں زیرعلاج دو زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھنی دھند کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔


