حیدرآباد (دکن فائلز) کیرالہ کے کالامسری میں ایک کنونشن سنٹر میں ہوئے سلسلہ وار دھماکوں سے علاقہ دہل گیا جس میں ایک شخص ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کنونشن سنٹر میں پریر میٹنگ (دعائیہ اجتماع) شروع ہونے کے چند منٹوں بعد دو دھماکے ہوئے۔ یہ واقعہ کوچی سے تقریباً 10 کلومیٹر دور کالامسری کے کنونشن سنٹر میں پیش آیا۔
دھماکے اس وقت ہوئے جب تقریباً دو ہزار لوگ یہوہا عبادت گاہ میں پریر کررہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح 9.40 بجے کے قریب پیش آیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
کنونشن سینٹر میں موجود لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ پہلا دھماکہ پریر میٹنگ کے وسط میں ہوا۔ کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنارائی وجین نے دھماکوں کو ‘بدقسمتی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔ ریاست کے تمام سینئر پولیس اہلکار دھماکے کے مقام کا جائزہ لے رہےہیں۔
دھماکے کی وجہ ابھی تک معلوم نہ ہوسکی جبکہ اس معاملہ کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کرے گی۔ ایجنسی کی فرانزک ٹیم پہلے ہی موقع پر پہنچ چکی ہے اور شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔


