حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین سمیت متعدد اپوزیشن رہنماؤں نے آج مرکز کی مودی حکومت پر بڑا حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ایپل کمپنی کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا ہے جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ ’ریاست کی سرپرستی کے حامل ہیکرس آپ کے آئی فونز کو ہیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔ کچھ رہنماؤں نے اس مسیج کے اسکرین چاٹس کو ایکس ہینڈلز پر شیئر کیا ہے۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی، ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا، شیو سینا (یو بی ٹی) کی پرینکا چترویدی، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور اور ان کی پارٹی کے میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیرا کے علاوہ دیگر نے اس سلسلہ میں ٹوئٹ کیا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’ان کے فونس کو ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘۔ وہیں ایپل کمپنی کی جانب سے الرٹ مسیج بھیجنے کی تصدیق کی گئی لیکن کمپنی نے دعویٰ کیا کہ ’ہیکنگ کی کوشش کس کے ذریعہ کی جارہی ہے یہ کہنا مشکل ہے‘۔ کمپنی نے یہ بھی وضاحت کی کہ ’مسیج میں ہیکنگ کے عمل کو کسی مخصوص ریاست سے منسوب نہیں کیا گیا، یہ صرف الرٹ مسیج ہے جبکہ کمپنی اس سے زیادہ جانکاری فراہم نہیں کرسکتی‘۔


