حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی پولیس نے انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کی سرجریاں کرنے والے 4 جعلی ڈاکٹروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ گریٹر کیلاش کے علاقے میں اگروال میڈیکل سینٹر کے نام سے نرسنگ ہوم چلا رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ڈاکٹر نیرج اگروال، اس کی بیوی پوجا اور سرجن ڈاکٹر جسپریت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزمان نے 2022 میں گال بلیڈر کے علاج کے لیے داخل مریض اصغر علی کا آپریشن کیا تھا، سرجری کے بعد مریض اصغر علی کی موت واقع ہو گئی تھی جس کے بعد سے میڈیکل کونسل کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی تھی۔ اصغر علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نیرج، ان کی اہلیہ پوجا، سرجن ڈاکٹر جسپریت سنگھ اور لیب ٹیکنیشن مہیندر حراست میں لے لیا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ اس نرسنگ ہوم میں یہ لوگ خود کو سرجن ظاہر کر کے متعدد مریضوں کے آپریشن کر چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کو تحقیقات کے دوران اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ 2016 سے اب تک میڈیکل کونسل کو ان ڈاکٹروں کے خلاف ایسی 6 شکایات سامنے آچکی ہیں۔
یہی نہیں، پولیس نے نرسنگ ہوم سے کئی ایکسپائرڈ سرجیکل بلیڈ، ممنوعہ ادویات، 54 اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد کی ہیں۔پولیس کو کلینک سے 414 خالی نسخے بھی ملے ہیں جن پر پہلے ہی ایک ڈاکٹر کے دستخط ہیں۔


