حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس رہنما راہول گاندھی کے پنوتی تبصرہ پر الیکشن کمیشن نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ گذشتہ روز بی جے پی نے راہول گاندھی کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی تھی اور وزیراعظم مودی پر نامناسب تبصرہ کرنے پر راہول کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
بی جے پی کے رہنما رادھا موہن داس اگروال اور اوم پاٹھک سمیت ایک وفد نے راہول گاندھی کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد آج الیکشن کمیشن نے راہول گاندھی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا سے ہار گئی تھی۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے راجستھان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی کو مبینہ طور پر پنوتی (منحوس) قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’ہمارے لڑکے ورلڈ کپ جیت جاتے لیکن پنوتی نے ہرادیا‘۔


