حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے علیگڑھ میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق علیگڑھ کے ایک پولیس اسٹیشن میں انسپکٹر کی بندوق سے نکلی گولی ایک مسلم خاتون کے سر پر لگی جس کی وجہ سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگئیں۔ اسے فوری طور پر ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم خاتون عمرہ کی ادائیگی کےلئے پاسپورٹ بنانا چاہتی تھی، اس سلسلہ میں انکوائری کے لئے پولیس انسپکٹر نے خاتون کو پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ جب خاتون پولیس اسٹیشن پہنچی تو بات چیت کے دوران انسپکٹر نے اس کے سامنے اپنی ریوالور لوڈ کی، اس موقع پر اچانک بندوق سے گولی نکلی اور خاتون کے سر پر لگی، جس کے بعد خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئیں۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔
واقعہ کے بعد پولیس انسپکٹر موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے فوری طور پر ملزم کو گرفتار کرنے کا تیقن دیا۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی اور مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس دوران متعدد مسلم رہنماؤں نے ہاسپٹل پہنچکر مسلم خاتون کی عیادت کی جس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اس دوران خاتون کی دختر نے پولیس پر پاسپورٹ انکوائری کے نام پر بھاری رقم کی رشوت طلب کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پولیس انسپکٹر نے رقم نہ دینے پر سخت نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔ خاتون کی دختر نے مزید الزام عائد کیا کہ پولیس اسٹیشن میں دھمکی دینے کے دوران ڈرانے کے مقصد سے ہی پولیس انسپکٹر نے ریوالور دکھایا اور لوڈ کیا۔


