پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں چوک معاملہ پر احتجاج کررہے 92 ارکان معطل، اپوزیشن نے غیرجمہوری اقدام قرار دیا (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) لوک سبھا کی سیکورٹی میں رخنہ پڑنے کے معاملے پر آج بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی جانب سے جم کر احتجاج کیا گیا۔ اپوزیشن اراکین نے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی معاملے پر احتجاج درج کیا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے بیان دینے کا مطالبہ کیا۔

اپوزیشن کے احتجاج کے بعد ایک غیر معمولی اقدام کے تحت اب تک لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 92 اپوزیشن ارکان کو پارلیمنٹ کے جاریہ سرمائی اجلاس سے معطل کردیا گیا جبکہ وہ پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں چوک کے حالیہ واقعہ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ایوان میں بیان دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔

آج سرمائی اجلاس کے باقی ماندہ مدت کے لیے معطل کرنے کے بعد ارکان نے پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا۔ لوک سبھا کے 33 اور راجیہ سبھا کے 34 ممبران ارکان کو آج پارلیمنٹ کی جاریہ اجلاس سے معطل کر دیا گیا۔

اس معاملہ میں اب تک معطل کئے گئے ارکان میں ایوان زیریں سے 46 اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے 46 ارکان شامل ہیں۔ معطل ارکان میں کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری، جے رام رمیش، کے سی وینوگوپال بھی شامل ہیں۔

ارکان پارلیمنٹ کی بڑے پیمانہ پر معطلی کو اپوزیشن رہنماؤں نے غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ ’یہ ایسی حکومت ہے جو تنقید برداشت نہیں کرسکتی اور اپنے کسی فیصلے پر تنقید گوارہ نہیں کرتی، جن ملکوں میں آمریت یا ڈکٹیٹر شپ ہوتی ہے وہاں ایسا ہوتا ہے لیکن ہندوستان ایک جمہوری ملک ہونے کے باوجود یہاں ایسا ہی کیا جارہا ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں