حیدرآباد (دکن فائلز) ملک میں کرونا کے کیسز میں اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے کے مطابق گذشتہ اتوار کے روز کووڈ-19 کے 335 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ ملک میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر اب 1701 ہوگئی ہے۔ اس وبا سے حالیہ دنوں میں 5 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جن میں سے 4 مریضوں کا تعلق کیرالہ سے تھا اور ایک کا اتر پردیش سے۔ کیرالہ میں کورونا کے نئے ذیلی ویریئنٹ جے این 1 کے معاملے سامنے آئے ہیں۔
مرکزی حکومت نے ریاستوں کو جاری ایڈوائزری میں گزارش کی ہے کہ کووڈ کے حالات پر مستقل نگرانی رکھی جائے، ساتھ ہی ریاستوں کو زیادہ تعداد میں آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کرانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
اس درمیان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے لیکن کیرالہ میں نئے ذیلی ویریئنٹ نے لوگوں کو فکرمند ضرور کر دیا ہے۔ اس درمیان ذیلی ویریئنٹ جے این 1 کو لے کر کرناٹک حکومت نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی تلنگانہ شاخ نے کورونا وبا پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کہا جاتا ہے کہ JN.1 ویریئنٹ جو اس وقت گردش کر رہا ہے وہ Omicron سب ویرینٹ ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ یہ قسم ہمارے ملک اور کچھ دوسرے ممالک کو پچھلے دو ماہ سے متاثر کر رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی ایک رپورٹ جاری کر چکا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ اتنا خطرناک نہیں ہے۔ طبی ٹیم کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ بزرگ افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔


