تلنگانہ میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ، عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں کورونا مثبت کیسوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ وہیں کورونا JN-1 مثبت کیسز کی نئی شکل تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ محکمہ صحت کے تازہ ترین بلیٹن میں تلنگانہ میں مزید چھ مثبت معاملات درج کیے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں آج چھ نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جبکہ ایک شخص وائرس سے صحت یاب ہوا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں اب تک 20 مثبت واقعات درج ہوئے ہیں۔ 19 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

آج حیدرآباد میں چار، میدک میں ایک اور رنگا ریڈی میں ایک مثبت کیس درج کیا گیا ہے۔ آج 925 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ عہدیداروں نے بلیٹن میں بتایا کہ ان میں سے 54 کے لئے کووڈ ٹیسٹ کا نتیجہ آنا باقی ہے۔

اس دوران صحت کے ماہرین نے کورونا کیسز میں اضافہ کے پس منظر میں عوام کو مشورہ دیا ہے کہ دس سال سے کم عمر کے بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ صورتحال کے پیش نظر ہر شخص کو چاہئے کہ وہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے۔ اگر آپ کو بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرے اور کووڈ ٹیسٹ کروائیں۔

ماہرین نے حیدرآباد شہر میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود عوام کو پریشان نہ ہونے کا مشورہ دیا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ بی پی، گردے سے متعلق امراض، حاملہ خواتین اور کم قوت مدافعت کے حامل افراد میں کووڈ Gen.1 وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، اسی لئے ایسے افراد کو زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

محکمہ صحت نے ڈاکٹروں، نرسنگ و معاون اسٹاف کو ماسک پہننے، بار بار ہاتھ دھونے اور وارڈوں کی صفائی سمیت دیگر حفظان صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ احتیاطی اقدام کے طور پر ہسپتالوں میں سماجی دوری کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں