حیدرآباد (دکن فائلز) زیر التواء ٹریفک چالان پر تلنگانہ حکومت کی طرف سے دی گئی رعایتی پیشکش آج آدھی رات کو ختم ہونی تھی تاہم اس پر منظر میں ریونت ریڈی حکوم نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ٹریفک چالان پر ڈسکاونٹ کی اسکیم کی آخری تاریخ میں رواں ماہ کی 31 تاریخ تک توسیع کردی۔
قبل ازیں حکومت نے اس اسکیم کا آغاز 26 دسمبر سے کیا تھا۔ ریاست بھر میں تقریباً 3.59 کروڑ چالان زیر التوا تھے جن میں سے ایک کروڑ سے زیادہ چالان کلیئر کیے جا چکے ہیں۔ اب تک حکومت کو کل 113 کروڑ روپئے کا فائدہ ہوا ہے۔ حیدرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس کے تحت سب سے زیادہ 66.57 لاکھ چالان کلیئر کیے گئے۔
حکومت نے رعایتی اسکیم کے ذریعہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں پر 80 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح موٹر گاڑیوں، ٹرکوں اور دیگر بھاری گاڑیوں پر 60 فیصد اور آر ٹی سی بسوں پر 90 فیصد رعایت رہے گی۔


