سابق ماڈل دیویا پاہوجا کی انتہائی مسخ شدہ لاش برآمد، شناخت کیسے کی گئی؟

حیدرآباد (دکن فائلز) سابق ماڈل دیویا پاہوجا کی لاش ہریانہ میں ایک نہر سے انتہائی مسخ شدہ حالت میں ملی۔ ماڈل دیویا کو یکم جنوری کو گروگرام کے ایک ہوٹل میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا اور اس کی لاش پنجاب کی بھاکڑا نہر میں پھینک دی گئی تھی، جو پڑوسی ملک ہریانہ پہنچی۔

ایک ملزم کے کہنے پر کہ اس نے لاش پنجاب میں ایک نہر میں پھینکی تھی، پولیس نے لاش کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا۔ قتل کی واردات میں ملوث ایک ملزم بلراج گل کو کولکتہ ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا جبکہ اس نے پولیس کو بتایا تھا کہ لاش کو گروگرام سے تقریباً 270 کلومیٹر دور پٹیالہ میں ٹھکانے لگایا تھا۔

ماڈل دیویا پاہوجا کی لاش 11 دن بعد ہریانہ نہر سے پولیس کو مل گئی۔ پولیس نے لاش کی پشت پر ٹیٹو کے ذریعے ماڈل کی شناخت کی۔ گڑگاؤں کے پولیس افسر مکیش کمار نے کہا، “ہم ٹیٹوز سے لاش کی شناخت کر سکتے تھے۔ نہر سے ملنے والی لاش پر دو ٹیٹو تھے۔” دیویا پاہوجا کی پرانی تصویروں میں سے ایک میں اسی جگہ پر اسی ڈیزائن کا ٹیٹو موجود ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ متاثرہ کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل سے متعلق سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزمان کو لاش ہوٹل میں گھسیٹتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور اس کے بعد سے لاش کی تلاش جاری تھی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ہریانہ کی ایک نہر سے ملی جو کہ پنجاب میں بھاکڑا نہر میں پھینکی گئی تھی اور یہ بہہ کر پڑوسی ریاست میں آگئی۔ کیس میں گرفتار کیے گئے ایک ملزم نے گزشتہ روز اعتراف کیا تھا کہ اس نے قتل کے ایک دن بعد لاش 3 جنوری کو پنجاب کی ایک نہر میں پھینکی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر بلراج گل نے سابق ماڈل کی لاش کو اپنے ساتھی روی بنگا کے ساتھ مل کر دریا میں پھینکا تھا۔ دیویا پاہوجا کو ایک ملزم کے مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں 7 سال جیل میں گزارنے کے بعد جون 2023ء میں بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔

واضح رہے کہ ان کے قتل میں ملوث 5 میں سے 3 ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں