’اروند کیجریوال آر ایس ایس کا چھوٹا ری چارج‘، دہلی میں سندرکنڈ پاٹھ پر اسدالدین اویسی کی شدید تنقید

حیدرآباد (دکن فائلز) رام مندر کی افتتاحی تقریب سے قبل عام آدمی پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ قومی دارالحکومت دہلی میں ہر ماہ سندرکنڈ پاٹھ کا اہتمام کیا جائے گا، جس پر اسدالدین اویسی نے سخت تنقید کرتے ہوئے اروند کیجریوال پر حملہ کیا۔ اویسی نے چیف منسٹر اروند کیجریوال کی پارٹی کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو آر ایس ایس کا چھوٹا ریچارج کہا۔ انہوں نے اروند کیجریوال کی پارٹی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔

اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ٹویٹ کیاکہ ’ ’آر ایس ایس کے چھوٹا ریچارج نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی کے ہر اسمبلی حلقے میں ہر مہینے کے پہلے منگل کو سندرکنڈ پاتھ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ 22 جنوری کو ہونے والے افتتاح کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ بلقیس بانو کے معاملے پر ان لوگوں نے خاموشی اختیار کی تھی اور کہا تھا کہ وہ صرف تعلیم اور صحت جیسے مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ سندر کنڈ کا تعلق تعلیم سے ہے یا صحت سے؟ اصل بات یہ ہے کہ وہ انصاف کی بات نہیں کرتے۔ وہ سنگھ کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، چلیں بابری کی بات نہ کریں، آپ انصاف، محبت، فلاں فلاں کی بانسری بجاتے رہیں اور ساتھ ہی ہندوتوا کو زبردست مضبوط کرتے رہیں‘۔

واضح رہے کہ اروند کیجریوال نے 15 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ عاپ رہنما ایودھیا میں مندر کے افتتاح سے قبل دہلی کے تمام اسمبلی حلقوں میں سندرکنڈ کا پاٹھ کریں گے۔ اس سلسلہ میں جاری بیان میں کہا گیا کہ عاپ کے ایم ایل اے اور کونسلر ہر مہینے کے پہلے منگل کو سندرکنڈ پاٹھ کا انعقاد کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سندرکنڈ کے ساتھ ہنومان چالیسہ کا بھی پاٹھ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں