حیدرآباد (دکن فائلز) سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی خودسپردگی کی مدت بڑھانے سے متعلق دائر کی گئی عرصی کو مسترد کردیا۔ 11 میں سے 10 مجرمین نے عدالت کے سامنے ذاتی مصروفیت کا بہانہ بناتے ہوئے خودسپردگی کی مہلت میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ تاہم عدالت عظمیٰ نے ان کی عرضی کو مسترد کردیا۔
سپریم کورٹ نے گجرات فسادات کے دوران 21 سالہ بلقیس بانو جو حاملہ تھیں کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور ان کے متعدد ارکان خاندان کو قتل کرنے والے خونخوار مجرمین کی خودسپردگی کی آخری تاریخ میں ایک دن کا بھی اضافہ کرنے سے انکار کردیا۔
مجرمین نے خاندانی ذمہ داریوں، بوڑھے والدین کی دیکھ بھال، فصلوں کی کٹائی اور شخصی صحت جیسی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے خودسپردگی کےلئے مزید وقت کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ 8 جنوری کو سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی معافی کو منسوخ کرتے ہوئے مجرمین کو دو ہفتوں کے اندر جیل حکام کے سامنے خودسپردگی اختیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔


