حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیر محمد علی شبیر کو ریاستی حکومت کے مشیر برائے ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتی بہبود کے طور پر مقرر کیا ہے۔
محمد علی شبیر کا شمار کانگریس کے قدآور رہنماؤں میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 کی دہائی کے آخر میں NSUI سے کیا جبکہ 1989 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے پہلی بار کاماریڈی حلقہ سے کامیابی حاصل کی اور چننا ریڈی کی کابینہ میں بطور وزیر شامل کیا گیا۔ وہیں 2004 کے انتخابات کے بعد ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی کابینہ میں بھی شامل رہے۔
انہوں نے 4 اپریل 2015 سے 22 دسمبر 2018 تک قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
گذشتہ اسمبلی انتخابات میں محمد علی شبیر کو کانگریس نے نظام آباد حلقہ سے اپنا امیدوار بنایا تھا لیکن وہ ہار گئے۔ تلنگانہ کانگریس میں محمد علی شبیر کو اقلیتوں کے سب سے بڑے رہنما کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اب انہیں ریاستی حکومت کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔



