حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ پولیس نے رام مندر کے افتتاحی تقریب کے بہانے مختلف مقامات پر کشیدگی پھیلانے کے الزام میں کچھ شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دولت آباد سنگاریڈی ضلع اور نارائن پیٹ ضلع کے کوسگی ٹاؤن میں شرانگیزی میں مبینہ طور پر ذمہ دار شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دولت آباد میں شرپسندوں نے ایک دکان کو آگ لگا دی تھی جبکہ دیگر املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرکے حالات کو بگڑنے نہیں دیا۔ دولت آباد میں ایک جلوس نکالا گیا۔ اس دوران اچانک ایک دکان کو نشانہ بنایا گیا۔ سنگاریڈی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی ایچ روپیش کے مطابق اس واقعہ کے سلسلہ میں تین مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
اسی طرح نارائن پیٹ ضلع کے کوسگی میں شرانگیزی پر مبنی ایک اور واقعہ پیش آیا۔ یہاں جشن کا جلوس ایک مسجد کے سامنے روکا گیا اور جم کا نعرے بازی کی گئی۔ اس دوران خوب شرانگیزی کی گئی اور دوسرے طبقہ کو نشانہ بناتے ہوئے نعرے لگائے گئے۔ اس معاملہ میں جی وراپرساد، ، سریکانت گوڑ، بھدری ناتھ، بی سری کانت، بھرت گوڑ، کے انجی، مسولا سوامی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس اس معاملے میں تحقیقات کررہی ہیں۔ اب تک کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


