نتیش کمار نے جے ڈی یو اور بی جے پی اتحادی حکومت کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھالیا

حیدرآباد (دکن فائلز) بہار میں جے ڈی یو رہنما نتیش کمار نے ریاست کے وزیراعلیٰ کے طور پر 9ویں مرتبہ عہدے اور رازداری کا حلف لیا جو ایک ریکارڈ ہے۔ راج بھون میں اُن کے ساتھ دیگر آٹھ کابینہ وزیروں نے بھی حلف لیا۔ گورنر راجیندر وشوناتھ آرلیکر نے آج شام بی جے پی اور جے ڈی یو کے تین تین رہنماﺅں کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اِس کے علاوہ ہندوستانی عوام مورچہ کے ایک رکن اور ایک آزاد رکن نے بھی حلف لیا۔

جنتا دل (یو) کے سربراہ نتیش کمار نے اتوار، 28 جنوری کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد کے ساتھ ہاتھ ملا کر ریکارڈ نویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ انہوں نے اپوزیشن انڈیا بلاک کے ساتھ تعلقات منقطع کرکے این ڈی اے میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے ریاست میں لالو پرساد یادو کی قیادت والی آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ اتحاد کو توڑ دیا۔

نتیش کمار کی قیادت والی نئی حکومت میں کل 8 لیڈروں نے کابینہ کے وزراء کے طور پر حلف لیا۔ بی جے پی سے تین سمرات چودھری، وجے کمار سنہا اور پریم کمار جبکہ جے ڈی یو سے تین وجے کمار چودھری، بیجندر پرساد یادو، شراون کمار۔ اسی طرح ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) کے صدر سنتوش کمار سمن اور آزاد ایم ایل اے کمار سنگھ نے وزراء کے طور پر حلف لیا۔ آج کی حلف برداری کی تقریب کے بعد کابینہ میں جلد ہی توسیع کئے جانے کا امکان ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا، مرکزی وزیر نتیانند رائے اور کئی دیگر رہنما تقریب میں موجود تھے۔ راج بھون کے باہر بی جے پی، جے ڈی یو اور دیگر حلیفوں کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد نئے وزیروں، سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا کو نائب وزیر اعلیٰ کا درجہ دیا گیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ نئی کابینہ میں جلد ہی توسیع کی جائے گی۔ نتیش کمار نے کہا کہ انھوں نے بہار کی ترقی کیلئے بی جے پی سے ہاتھ ملایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی اور عظیم اتحاد میں شامل دیگر اتحادیوں کے ساتھ سب کچھ صحیح نہیں تھا جس کی وجہ سے اُنھیں اتحاد چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ بی جے پی کے رہنماﺅں نے نتیش کمار کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اِس سے ریاست کی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ ریاست میں جے ڈی یو اور بی جے پی نے ایک ساتھ ملکر ساتویں مرتبہ حکومت تشکیل دی ہے۔

نتیش کمار کے آج دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہونے پر اپوزیشن اتحاد انڈیا نے مایوسی کا افسوس کا کیا اور نتیش کمار پر سخت تنقید کی۔ نتیش کمار نے آج پانچویں مرتبہ ایک کیمپ سے نکل کر دوسرے گروپ میں شامل ہوتے ہوئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کی اس منفرد ادا کےلئے انہیں ’پلٹو کمار‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں