حیدرآباد: اعظم پورہ ملک پیٹ کی معروف ہوٹل پر غیرضروری بلڈوزر کاروائی، جی ایچ ایم سی عہدیداروں پر غنڈہ گردی کا الزام

حیدرآباد (دکن فائلز) اعظم پورہ ملک پیٹ کی مشہور ہوٹل ’کھانا خزانہ ریسٹرو‘ پر غیرضروری طور پر جی ایچ ایم سی کا بلڈوزر چلایا گیا۔ انکروجمنٹ کے نام پر نامناسب کاروائی کرتے ہوئے ہزاروں روپئے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 27 جنوری کی دوپہر اچانک جی ایچ ایم سی کا عملہ اعظم پورہ ریلوے بریج کے قریب واقع کھانا خزانہ ہوٹل پہنچا اور بغیر کسی پیشگی نوٹس کے ہوٹل کے سامنے لگائے گئے بورڈ اور شیڈ کو تباہ کردیا جبکہ مقامی رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے فون پر جی ایچ ایم سی خاتون عہدیدار محترمہ انکیتا کو ایسا نہ کرنے کی ہدایت دی لیکن خاتون عہدیدار نے معزز رکن اسمبلی کی ایک نہ سنی اور اپنی کاروائی کو جاری رکھا، اس دوران رکن اسمبلی فون پر آن لائین تھے لیکن خاتون عہدیدار نے ان سے بات کرنے سے ہی انکار کردیا۔

مقامی لوگوں نے جی ایچ ایم سی عہدیدار پر غنڈہ گردی اور رشوت خوری کا الزام عائد کیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق پورے علاقہ میں درجنوں دکانوں کے سامنے شیڈ ہے، لیکن صرف ایک خاص ہوٹل کو ہی نشانہ بنایا گیا اور بلڈوزر کاروائی سے پہلے کسی طرح کی کوئی نوٹس بھی نہیں دی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیدار نے جان بوجھ کر ایسا کیا۔

ہوٹل پر غیرضروری بلڈوزر کاروائی پر مقامی لوگوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’یہاں کوئی ٹریفک مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی سڑک پر رکاوٹ کی جارہی تھی لیکن صرف ایک خاص مقام کو ہی ٹارگیٹ کرتے ہوئے بلڈوزر کاروائی کی گئی جس کے بعد سے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی نیت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں