حیدرآباد (دکن فائلز) کرناٹک میں آئی ٹی کے وزیر پریانک کھرگے نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر انہیں قومی پرچم، ہندوستانی آئین اور ملک کی سالمیت پسند نہیں ہے تو ان کے رہنما اپنی پسندیدہ منزل پاکستان جاسکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم بی جے پی کی سازشوں کے آگے نہیں جھکیں گے بلکہ ان سے موثر انداز میں نمٹیں گے‘۔ انہوں نے کرناٹک کے منڈیا ضلع کے کیراگوڈو گاؤں میں سرکاری اراضی پر 108 فٹ اونچے فلیگ پوسٹ پر ہنومان کی تصویر والے بھگوا پرچم کو لہرانے اور پھر بعد میں اسے اتارنے پر ہوئے تناؤ پر افسوس کا اظہار کیا۔
کھرگے نے مزید کہاکہ ’آر ایس ایس جو ترنگے سے نفرت کرتی تھی، اسی طرح آر ایس ایس کے تربیت یافتہ بی جے پی ارکان بھی قومی پرچم سے نفرت کرتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم سے نفرت کرکے بی جے پی نے خود کو ملک دشمن ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی فائدہ کےلئے مذہب کا استعمال کرتی ہے اور لوگوں میں تفرقہ پیدا کرتی ہے۔


