خواتین کے بسوں میں مفت سفر کے خلاف دائر عرضی پر ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر دینے کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی داخل کی گئی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج اس درخواست پر سماعت کی۔ ناگول کے ہریندر نے مفاد عامہ کی عرضی دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تمام اسکیم کے نفاذ کے بعد سے بسیں خواتین سے بھری ہوئی ہیں جبکہ مرد حضرات کو ٹکٹ لینے کے باوجود بسوں میں سیٹ نہیں مل رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ مفت سفر کی وجہ سے بسوں میں شدید رش ہوگیا ہے۔ ہریندر نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ جب وہ اپنے خاندان کے ساتھ بس میں سفر کیا تو اسے کھڑے ہونے کی بھی جگہ نہیں ملی۔ درخواست میں ہریندر نے جی او 47 کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جو خواتین کے مفت سفر کے سلسلہ میں جاری کیا گیا تھا۔

تاہم درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ نے کہا کہ ہریندر کی طرف سے داخل کی گئی عرضی میں کوئی مفاد عامہ کا عنصر نہیں ہے۔ بنچ نے کہا کہ درخواست گزار نے بس میں سفر کے دوران پریشانی کا سامنا کرنے کے بعد پی آئی ایل دائر کی ہے۔ ہائی کورٹ نے رجسٹری کو ہدایت دی کہ مفاد عامہ کی عرضی کو رٹ پٹیشن میں تبدیل کیا جائے۔ جس کے بعد ہائی کورٹ بنچ نے مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں