حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر گذشتہ اسمبلی انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو تقریباً پورا کردیا ہے تاکہ عوام کا اعتماد کانگریس پر بحال کیا جاسکے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق آج وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی کابینہ کی اہم میٹنگ منعقد ہوئے۔ تقریباً چار گھنٹے تک چلی میٹنگ میں حکومت نے کئی اہم فیصلے لیے۔ کابینہ نے انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کے تحت 200 یونٹ مفت بجلی اور 500 روپے میں گیس سلنڈر اسکیم کو لاگو کرنے کےلئے منظوری دیدی۔ اس کے علاوہ، کابینہ نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر اب ٹی ایس کے بجائے تحریر کرنے کے فیصلہ کو بھی گرین سگنل دے دیا ہے۔
حکومت نے اس مہینے کی 8 تاریخ سے اسمبلی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے ایک اور اہم فیصلہ لیتے ہوئے ریاست کے سرکاری نشان کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ‘جیا جئے تلنگانہ’ کو ریاستی ترانے کے طور پر منظوری دی۔
اس کے علاوہ ریاستی حکومت گروپ 1 میں 160 آسامیوں کے دوبارہ نوٹیفکیشن کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ تلنگانہ کابینہ نے ذات پات کی مردم شماری کو بھی منظوری دے دی۔ کانگریس حکومت کی طرف سے دی گئی گیارنٹیوں میں سے مزید دو ضمانتوں پر عمل آوری کےلئے اسمبلی میں اعلان کیا جائے گا۔


