چندرا بابو نائیڈو نے دہلی پہنچ کر امیت شاہ سے ملاقات کی، بی جے پی۔تلگودیشم اتحاد کے اشارے

حیدرآباد (دکن فائلز) تلگودیشم کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ سے ملاقات کی۔ گذشتہ روز چندرا بابو نائیڈو نے رات دیر گئے 11.30 بجے دہلی میں واقع امیت شاہ کی رہائش گاہ پہنچے جبکہ تقریباً ایک گھنٹے تک دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت جاری رہی۔ اس موقع پر بی جے پی صدر جے پی نڈا بھی موجود تھے۔

بی جے پی کے رہنما تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو کے ساتھ بات چیت کے بارے میں خاموش اختیار کئے ہوئے ہیں۔ بی جے پی ذرائع نے واضح کیا کہ بات چیت کے بارے میں ان کی طرف سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔

وہیں چندرا بابو کی ملاقات کے بعد ٹی ڈی پی ذرائع نے اشارہ دیا کہ ٹی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان مفاہمت ہو گئی ہے۔ امیت شاہ سے ملاقات سے پہلے چندرا بابو نے دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کے لیے قومی مفادات اہم ہیں تو تلگو دیشم کےلئے ریاستی مفادات اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ریاست کے مفاد کے لیے سیاسی فیصلے کریں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ریاست پانچ سالوں میں پیچھے چلی گئی ہے اور ریاست کی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔

بات چیت کے بعد چندرا بابو امیت شاہ کی رہائش گاہ سے رام موہن نائیڈو کی رہائش گاہ گئے۔ انہوں نے رات کو رام موہن نائیڈو کی رہائش گاہ پر قیام کیا۔وہ آج صبح حیدرآباد کے لئے روانہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں