بہار اسمبلی میں نتیش کمار حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا

حیدرآباد (دکن فائلز) بہار میں نتیش کمار کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت نے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کردی ہے۔ بہار اسمبلی میں تحریک اعتماد پر رائےدہی میں 129 ارکان اسمبلی نے نتیش کمار کے حق میں ووٹ دیا جبکہ آرجے ڈی کے 3 ارکان اسمبلی چیتن آنند، پرہلاد یادو اور نیلم دیوی نے بھی نتیش کمار کے حق میں ووٹ دیا۔ قبل ازیں آرجے ڈی اسپیکر اود بہاری چودھری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی جس کی 125 ارکان نے تائید کی۔ تاہم حکومت کی اکثریت ثابت کرنے کے موقع پر یہ تعداد 129 ہوگئی۔ این ڈی اے سے 126 ارکان کے علاوہ آرجے ڈی کے 3 ارکان کی تائید حاصل ہونے سے یہ تعداد 129 ہوگئی۔ تحریک عدم اعتماد کے سلسلہ میں کانگریس کے ارکان اسمبلی نے حیدرآباد میں قیام کیا تھا اور کل شام وہ پٹنہ پہنچے۔ نتیش کمار نے کانگریس ، آرجے ڈی اتحاد سے علیحدگی اختیارکرنے کے بعد بی جے پی کی مدد سے بہار کے چیف منسٹر کی حیثیت سے نویں مرتبہ حلف لیا تھا۔ بہار کی 243 رکن اسمبلی میں حکومت سازی کیلئے 122 ارکان کی تائید ضروری ہے۔

چیف منسٹر نتیش کمار نے اکثریت ثابت کرنے کے بعد اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انڈیا اتحاد میں اُن کا رہنا کانگریس کو پسند نہیں تھا۔ اُنہوں نے کہاکہ انڈیا اتحاد کیلئے اُنہوں نے شخصی طورپر کافی جدوجہد کی تھی۔ پوری اپوزیشن کو متحد کیا تھا۔ تاہم کانگریس نے اُن کے راستے میں مشکلات کھڑا کردیئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں