حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش ایس ٹی ایف (خصوصی ٹاسک فورس) نے حلال کونسل آف انڈیا (ممبئی) کے چار عہدیداروں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کونسل کے صدر، جنرل سکریٹری اور خزانچی کو حلال سرٹیفیکیشن کے نام پر مبینہ طور پر پیسے بٹورنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت مولانا مدثر، حبیب یوسف پٹیل، محمد انور خان اور محمد طاہر کے طور پر کی گئی۔
واضح رہے کہ اتر پردیش حکومت نے گزشتہ سال نومبر کے دوران ریاست میں “حلال تصدیق شدہ مصنوعات کی تیاری، فروخت، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کرنے” پر پابندی لگا دی تھی۔ پابندی کے بعد لکھنؤ میں کچھ تنظیموں، پروڈکشن کمپنیوں، ان کے مالکان اور منیجرز کے ساتھ ساتھ دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جن پر حلال سرٹیفیکیشن کے نام پر غیر ضروری طور پر پیسے بٹورنے، مذہب کے نام پر دشمنی کو بڑھاوا دینے اور مختلف فنڈنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
وہیں دوسری طرف عدالت عظمیٰ نے حلال انڈیا اور جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے عہدیداروں کے خلاف کاروائی پر عبوری روک لگادی تھی۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ جمعیت علمائے ہند حلال ٹرسٹ کے سربراہ محمود مدنی اور دیگر عہدیداروں کے خلاف کسی بھی کارروائی سے تحفظ فراہم کیا تھا۔
حلال مصنوعات پر پابندی کے نوٹیفکیشن اور اس معاملہ میں درج کی گئی ایف آئی آر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔


