حیدرآباد (دکن فائلز) بی آر ایس کے سرکردہ قائدین کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو غیر متوقع احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ آج وہ بذریعہ بس ’چلو نلگنڈہ‘ پروگرام کےلئے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ جارہے تھے کہ اچانک بس پر انڈے پھینکے گئے۔ اچانک ہوئے غیرمتوقع احتجاج سے تمام رہنما ششدر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق بی آر ایس سربراہ کے سی آر آج شام نلگنڈہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرنے والے ہیں۔ اس جلسہ میں شرکت کےلئے جانے والے بی آر ایس رہنما جس بس میں سفر کررہےتھے اسے اچانک راستہ میں این ایس یو آئی کے کارکنوں نے روک دیا۔ اس بس میں کے ٹی آر، ہریش راؤ کے علاوہ سابق وزرا اور ارکان اسمبلی سوار تھے۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے کارکن کالا شرٹ پہنے تھے اور بی آر ایس مخالف نعرے لگارہے تھے۔ اس دوران انہوں نے بس پر انڈے پھینکے۔
پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے کارکنوں کو منتشر کرکے بس کو آگے جانے دیا۔


