حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کے مشکل ترین مسابقتی امتحانات میں ایک جے ای ای مینس امتحان کے نتائج آج جاری کردیئے گئے، جس میں تلنگانہ کے طلبا نے شاندار مظاہرہ کیا۔ جہاں پورے ملک میں صرف 23 طلبا نے صدفیصد نشانات حاصل کئے وہیں ان میں سے 7 طلبا کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ وہیں حیدرآباد کے شیخ پیٹ کی رہنے والی باحجاب مسلم طالبہ آسیہ بیگم نے بھی اس مشکل ترین مسابقتی امتحان میں تقریباً صدفیصد نشانات حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین کا بلکہ حیدرآباد، قوم و ملت کا نام روشن کیا ہے۔ حیدرآباد کے عوام نے آسیہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’باحجاب مسلم حیدرآبادی طالبہ آسیہ پر ملت کو فخر ہے‘۔
تفصیلات کے مطابق آسیہ نے مسابقتی امتحان میں 99.67 فیصد نشانات حاصل ہوئے۔ آسیہ نے اپنی کامیابی سے یہ ثابت کردیا کہ برقعہ یا حجاب سے تعلیم یا کسی اور جائز سرگرمی میں کوئی خلل نہیں پڑتا۔ آسیہ کی کامیابی نے مسلم طالبات کی ہمت و حوصلے میں اضافہ کیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں مسلم لڑکیاں شریعت کے دائرہ میں رہ کر مسابقتی امتحانات میں شاندار مظاہرہ کریں گی۔
واضح رہے کہ JEE-Main داخلہ امتحان میں 100 پرفیکٹ اسکور حاصل کرنے والے انجینئرنگ طلباء کی سب سے زیادہ تعداد کے ساتھ تلنگانہ سرفہرست ہے۔ امتحان میں 11.70 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی تھی، لیکن صرف 23 طلبا نے صدفیصد نشانات حاصل کئے، جن میں سے سات کا تعلق تلنگانہ سے ہے، اسی طرح ہریانہ سے دو، آندھرا پردیش، راجستھان اور مہاراشٹر سے تین تین، دہلی سے دو اور گجرات، کرناٹک اور تمل ناڈو سے ایک ایک طالب علم اس فہرست میں شامل ہے۔
تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبا جنہوں نے صدفیصد نشانات حاصل کئے ان کے نام رشی شیکھر شکلا، روہن سائی پابھا، ایم انوپ، ہندیکار ٹھالور، وینکٹ سائی تیجا، سریاشا موہن کلوری اور ٹی دنیش ریڈی ہیں۔


