حیدرآباد: اکبرباغ ملک پیٹ کی جیولری شاپ میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات، ڈاکوؤں کے حملہ میں مالک شجاع الرحمن شدید زخمی

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے ملک پیٹ اکبر باغ میں واقع کسواہ جیولری شوروم میں آج دن دھاڑے ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ دلکشا فنکشن ہال کے روبرو اکبرباغ کی مصروف ترین سڑک واقع کسواہ جیولری میں تین ڈاکوؤں نے دلیرانہ انداز میں چوری کی واردات انجام دی۔ تینوں بدمعاشوں نے شوروم میں داخل ہوکر مالک کو چاقو سے ڈرایا اور طلائی زیورات لیکر فرار ہوگئے۔

اس دوران شوروم کے مالک شجاع الرحمن نے جب چوروں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے چاقو سے ان پر حملہ کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ شجاع الرحمن کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واردات کے فوری بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ایسٹ زون کی ڈی سی پی جانکی دھاورتھ نے شوروم پہنچ کر معائنہ کیا۔ وہیں سراغ رساں ٹیم نے واقعہ سے تفصیلات اور شواہد کو جمع کیا۔ اس معاملہ میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ پولیس نے بہت جلد ملزمین کو گرفتار کرنے کا تیقن دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں