حیدرآباد (دکن فائلز) وزیراعظم مودی نے آج متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں عالم عرب کے پہلے ہندو مندر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یو اے ای میں عرب کے پہلے مندر بوچا سن واسی اکشر پُرشوتم سوامی نارائن سنستھا کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر مودی نے مندر کیلئے زمین دینے پر یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی وزیر اعظم مودی کی جانب سے اس مندرکی بنیاد 2017 میں رکھی گئی تھی، تاہم اب 2024 میں اس مندر کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ گلابی پتھر سے بنے اس مندر کو روایتی طور پر بنایا گیا، جبکہ یہ مندر ابو مرویخا شہر میں واقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مندر کی تعمیر میں راجستھانی گلابی پتھر کا استعمال ہوا ہے، جبکہ اطالوی ماربل سے اسے تعمیر کیا گیا۔ 2015 میں ابو ظہبی کے ولی عہد نے نریندر مودی کے دورے کے دوران 13 اعشاریہ 5 ایکڑ زمین مندر کے لیے دینے کا اعلان کیا تھا۔ 2017 میں اس مندر کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اس مندر کے ساتھ میں موجود 7 مینار متحدہ عرب امارات کے 7 امارتوں کی علامت کو واضح کرتے ہیں۔


