گیانواپی مسجد کے تہہ خانہ میں پوجا کے خلاف عرضی پر سماعت مکمل، ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

حیدرآباد (دکن فائلز) وارانسی کے گیان واپی میں واقع جامع مسجد کے تہہ خانہ میں ہندوؤں کو پوجا کی اجازت دینے کے خلاف وارانسی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف مسلم فریق کی جانب سے دائر عرضی پر آج سماعت مکمل ہوگئی۔ ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گیانواپی جامع مسجد کے تہہ خانہ میں ضلع جج کے ذریعہ ہندوؤں کو پوجا کی اجازت کے فیصلے کے خلاف انجمن انتظامیہ مساجد کی جانب سے الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی۔ جسٹس روہت رنجن اگروال کی بینچ نے دونوں فریق کو سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

آج عدالت میں ایک گھنٹے سے زیادہ سماعت ہوئی جس میں مسلم فریق کے وکیل نے پوجا کی اجازت دینے کے حکم کو غلط قرار دیا جبکہ مندر فریق کے وکیل نے وارانسی کورٹ کے فیصلہ کو صحیح ٹھہرایا۔

واضح رہے کہ انجمن انتفاضہ مسجد کمیٹی نے 2 فروری کو سپریم کورٹ کی جانب سے وارانسی ضلعی عدالت کے حکم کے خلاف اپنی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا مشورہ دینے کے فوری بعد ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ قبل ازیں وارانسی کی ضلعی عدالت نے 31 جنوری کو گیانواپی مسجد کے تہہ خانے میں ہندوؤں کو پوجا کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں