محبوبنگر میں بدمعاشوں نے گولی مارکر 21 آوارہ کتوں کا قتل کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) محبوب نگر ضلع کے ایک گاؤں میں 21 آوارہ کتوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس غیرانسانی حرکت پر سخت تنقید کی جارہی ہے جس کے بعد پولیس نے اس طرح کی حرکت کرنے والوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ محبوب نگر ضلع کے پوناکل گاؤں میں پیش آیا۔ نامعلوم مسلح بدمعاشوں نے 21 آوارہ کتوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ میں کچھ کتے زخمی بھی ہوئے۔

محکمہ اینیمل ویلفیئر نے فائرنگ سے مرنے والے کتوں کا پوسٹ مارٹم کیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے آرمس ایکٹ اور جانوروں پر ظلم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ تاہم ابھی تک ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ایس ایس آئی سرینواس نے بتایا کہ جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے تحقیقات میں پیشرفت نہیں ہو رہی ہے۔ اس پس منظر میں حکام علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

کتوں کو گولی مارنے کی وجہ سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاہم اس واقعہ میں دو کتوں کی موت زہرکھانے سے ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ انہیں گولی نہیں لگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں