اسد الدین اویسی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری

حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی کے خلاف اترپردیش کی ایک عدالت نے غیرضمانتی وارنٹ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد الدین اویسی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ شردھا بھارتیہ نے اویسی کو 5 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ راکیش پرتاپ سنگھ نے اویسی کے خلاف 2022 میں سورت گڑھ تھانے میں دفعہ 153A، 295A اور 298 کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اویسی کے خلاف فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے سے متعلق مقدمہ کی سماعت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جاری ہے۔ منگل کو اویسی کے وکیل مہتاب حیدر رضوی نے اویسی کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

راکیش پرتاپ سنگھ نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کا اثر پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔ وہ پہلے بھی کئی بار حاضری سے استثنیٰ کے حوالے سے خطوط جمع کرا چکے ہیں۔ بحث کے بعد سی جے ایم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کر دیا اور اسدالدین اویسی کے خلاف ایک غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیا۔ انہوں نے اویسی کو 5 مارچ کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں