حیدرآباد (دکن فائلز) شہری حقوق کے تحفظ کی تنظیم ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (رجسٹرڈ) (APCR) نے 15،مارچ 2024 کوفلم ”Razakar” ‘رضاکار’ (حیدرآباد کی خاموش نسل کشی)کی دنیابھر میں ریلیز کو روکنے کے لیے تلنگانہ کی معزز ہائی کورٹ کے سامنے مفاد عامہ کی عرضی(PIL) دائر کرکے فوری قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
PIL دائر کرنے کا فیصلہ فلم کے ممکنہ طور پر اشتعال انگیز مواد اورفرقہ وارانہ نفرت کو بڑھاوادینے کے خدشات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ فلم کی ریلیز سے دوفرقوں کے درمیان فرقہ وارانہ نفرت اورانتشار کے بھڑکنے کے امکانات ہیں۔ ایسے میں اے پی سی آر کے نیشنل سکریٹری جناب ندیم خان نے تنظیم کی نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے بعدفوری طورپر عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا۔
یہ فیصلہ شہری آزادی کے تحفظ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تنظیم کے عزم کو اجاگرکرتا ہے۔عدالت نے پہلی سماعت کے لئے 11مارچ کی تاریخ مقررکی ہے۔ اے پی سی آر کے تلنگانہ چیاپٹرکی نائب صدرایڈوکیٹ افسر جہاں ہائی کورٹ کے سامنے مفاد عامہ کی عرضی کی نمائندگی کریں گی۔


